پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اکتوبر میں بینک آف پنجاب کے تعاون سے 300 ارب روپے کی آسان قرضہ اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اسکیم کے تحت کاروباری برادری کو 10 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے، جبکہ اربوں روپے کے دیگر بڑے قرضے انتہائی کم مارک اپ پر فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اعلان انہوں نے پیسک ہاؤس لاہور میں سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کے صدر خواجہ یاسر قیوم کر رہے تھے، جبکہ ملاقات میں ایم ڈی پیسک مبین الٰہی اور ڈائریکٹر پی بی آئی ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی شریک تھے۔
ملاقات میں سرگودھا کی انڈسٹری، اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل اور تاجر برادری کی سہولت کے لیے نئے معاشی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر خواجہ یاسر قیوم نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ سرگودھا کی اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں اس وقت تقریباً 100 صنعتی یونٹس فعال اور پیداوار میں مصروف ہیں، اس لیے یہاں کے صنعتی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جائے۔
چوہدری شافع حسین نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت رواں سال پنجاب کی 23 اسمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی حالت بدلنے کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے انفراسٹرکچر اپ گریڈ کرنے کا بڑا پروگرام شروع کر رہی ہے، جس سے سرگودھا کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
صوبائی وزیر نے تاجروں اور صنعتکاروں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی سرکاری یا نجی ادارہ صنعتکاروں کو بلاوجہ تنگ یا ہراساں کرے گا تو وہ بطور وزیر صنعت خود اپنے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہوں گے۔
ملاقات کے دوران صدر سرگودھا چیمبر نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ سرگودھا چیمبر اگلے ماہ اسپین اور جنوبی افریقہ میں “مینگو فیسٹیول” کا اہتمام کر رہا ہے تاکہ پاکستانی آموں کو بین الاقوامی منڈیوں میں بھرپور طریقے سے متعارف کروایا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے سرگودھا چیمبر کی اس برآمدی کاوش کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔