وزیراعلیٰ پنجاب کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو) کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے لیے درخواستوں کی وصولی بھی شروع ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق انٹرن شپ پروگرام کا دورانیہ تین ماہ ہوگا، جبکہ منتخب امیدواروں کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
پروگرام کے شرکا کو جدید لرننگ مینجمنٹ سسٹم (LMS) کے ذریعے تربیت دی جائے گی، جبکہ اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج (یواین این ایف سی سی) کی سرٹیفکیشن بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔
تربیتی پروگرام کے دوران ماحولیاتی پالیسی، کلائمیٹ کمیونیکیشن، پائیدار ترقی اور عملی منصوبوں پر خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ماہرین کی نگرانی میں شرکا سے کیپ اسٹون پراجیکٹس بھی مکمل کرائے جائیں گے تاکہ انہیں عملی تجربہ حاصل ہو سکے۔
خواہشمند نوجوانوں کی سہولت کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے کا پورٹل بھی کھول دیا گیا ہے، جہاں سے نوجوان گھر بیٹھے اس پروگرام میں شمولیت کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق پروگرام میں خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے 50 فیصد نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔