اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کے لیے درخواستوں کی آخری تاریخ میں توسیع

اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کے لیے درخواستوں کی آخری تاریخ میں توسیع

وفاقی دارالحکومت کی پولیس میں ملازمت کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد پولیس میں مختلف کیٹیگریز کی 1,712 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔

پہلے بھرتیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جولائی 2026 مقرر کی گئی تھی تاہم امیدواروں کی غیر معمولی دلچسپی اور بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کے باعث متعلقہ حکام نے اس تاریخ میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کرتے ہوئے نئی آخری تاریخ 15 جولائی 2026 مقرر کر دی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم کا اسلام آباد پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

حکام کے مطابق وہ تمام امیدوار جو کسی وجہ سے مقررہ وقت میں درخواست جمع نہیں کرا سکے تھ اب انہیں ایک اور موقع فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ بروقت اپنی درخواست جمع کرا کر بھرتی کے عمل میں شامل ہو سکیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں نوجوانوں سے اپیل کی کہ جن افراد نے ابھی تک اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لیے درخواست نہیں دی وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ایک جدید، پیشہ ور اور باصلاحیت فورس ہے جہاں خدمات انجام دے کر نوجوان ملک و قوم کی خدمت کے ساتھ ساتھ ایک باوقار کیریئر بھی اختیار کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے، قانون کی عملداری یقینی بنانے اہم سرکاری و غیر سرکاری شخصیات کی سیکیورٹی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے سمیت متعدد اہم ذمہ داریاں انجام دیتی ہے۔ بھرتی کے اس عمل کے ذریعے فورس میں نئی افرادی قوت شامل کی جائے گی تاکہ شہریوں کو مزید مؤثر اور بہتر پولیسنگ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد پولیس میں ہزاروں نئی بھرتیوں کی منظوری

امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ آخری تاریخ 15 جولائی 2026 سے قبل اپنی درخواستیں مکمل کرکے جمع کرائیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles