آئندہ سال حج پیکیجز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

آئندہ سال حج پیکیجز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

آئندہ سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت حج پیکیجز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے تاہم عازمین کو حج اخراجات اقساط میں ادا کرنے کی سہولت بھی دیے جانے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ حج کے لیے مختصر دورانیے کے پیکیج کی قیمت تقریباً 13 لاکھ روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے زیادہ ہوگی۔ مختصر حج کا دورانیہ 20 سے 22 روز پر مشتمل ہونے کا امکان ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2027-2030 کی منظوری دے دی،نظام ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ

اسی طرح طویل حج پیکیج کی متوقع قیمت 12 لاکھ روپے رکھی جا سکتی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 ہزار روپے زیادہ ہوگی۔ طویل حج کا دورانیہ 40 روز پر مشتمل ہوگا۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین کو حج اخراجات کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اقساط کی سہولت دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ مجوزہ طریقہ کار کے تحت عازمین 6، 6 لاکھ روپے کی دو اقساط میں حج اخراجات جمع کرا سکیں گے جس سے ایک ساتھ پوری رقم ادا کرنے کا بوجھ کم ہو جائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں :حج 2027: آن لائن رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ، پانچ روز میں 1 لاکھ 7 ہزار افراد رجسٹرڈ

یاد رہے کہ گزشتہ سال مختصر حج پیکیج کی لاگت 12 لاکھ روپے جبکہ طویل حج پیکیج کی قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے تھی۔ اس طرح آئندہ سال حج اخراجات میں متوقع اضافے کے باعث حج کی خواہش رکھنے والے افراد کو پہلے سے زیادہ مالی تیاری کرنا پڑ سکتی ہے۔

editor

Related Articles