وزیراعظم کا اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک جلد مکمل کرکے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کا حکم

وزیراعظم کا اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک جلد مکمل کرکے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کا حکم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) میں جاری اصلاحات تیز کرنے اور شہریوں کو آسان، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت این آئی ٹی بی میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا،وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا،انہوں نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کا حکم

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات میں اب تک کی اہم ترین پیش رفت میں سے ایک ہے، انہوں نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے، جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے اور تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔

ٹیکنالوجی پارک کی تاخیر پر برہمی

وزیراعظم نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرکے ترجیحی بنیادوں پر فعال کیا جائے،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کے لیے مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے تاکہ اسے مؤثر انداز میں فعال بنایا جاسکے۔

این آئی ٹی بی کی رائٹ سائزنگ مکمل

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کی رائٹ سائزنگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ اہم عہدوں پر تعیناتیاں شفاف طریقے سے کی جا رہی ہیں، تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہوچکی ہیں، جبکہ دیگر محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی اس کے فروغ پر کام جاری ہے۔

اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

editor

Related Articles