ڈیجیٹل چالانز جمع نہ کروانے والے ہوشیار ! اہم سرکاری سروسز بند کرنے کی تجویز

ڈیجیٹل چالانز جمع نہ کروانے والے ہوشیار ! اہم سرکاری سروسز بند کرنے کی تجویز

ٹریفک چالانز ادا نہ کرنیوالے ہوشیار! اب ٹریفک چالان ادا نہ کرنے والے بڑی مشکل میں پھنسنے والے ہیں ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سی ٹی او لاہورعبدالرحیم شیرازی نے ون ایپ میں زیرِ التوا ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیلات شامل کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا ہے ، اس  مراسلے میں ڈیجیٹل چالانز کی عدم ادائیگی پر مختلف پولیس اور سرکاری سروسز کی فراہمی روکنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ڈیجیٹل چالانز کا ریکارڈ ون ایپ میں شامل کی جائے

سی ٹی او لاہور کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جس طرح ای چالانز کی عدم ادائیگی پر کارروائی کی جاتی ہے، اسی طرح وارڈنز کی جانب سے کیے جانے والے ڈیجیٹل چالانز کی عدم ادائیگی پر بھی پولیس سروسز فراہم نہ کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالانز کا نیا نظام متعارف

مراسلے میں ڈیجیٹل چالانز کو نادرا کے ساتھ لنک کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے ، سی ٹی او کے مطابق اس وقت ون ایپ میں صرف ای چالانز کی تعداد نظر آتی ہے، جبکہ ڈیجیٹل چالانز کا مکمل ریکارڈ موجود نہ ہونے کے باعث ان کی ریکوری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،  ریکوری بہتر بنانے کے لیے زیرِ التوا ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیلات ون ایپ میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

چالان کلیئر نہ ہونے پر کن سروسز پر پابندی کی تجویز

مراسلے کے مطابق جن شہریوں نے اپنے چالان کلیئر نہیں کروائے، انہیں خدمت مرکز سے مختلف سروسز فراہم نہ کی جائیں ،  ان میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور کرایہ داری رجسٹریشن شامل ہیں۔

اسی طرح وہیکل ویریفکیشن، ڈومیسائل اور برتھ سرٹیفکیٹ بھی چالان کلیئر ہونے کے بعد جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکومتی ریونیو اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد

سی ٹی او لاہور کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل چالانز کے ریکارڈ کو متعلقہ نظام کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہے ،  اس اقدام کا مقصد زیرِ التوا چالانز کی ریکوری بہتر بنانا، حکومتی ریونیو میں اضافہ کرنا اور شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا پابند بنانا ہے۔

مراسلے میں ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیلات ون ایپ میں شامل کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ عدم ادائیگی کی صورت میں مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

editor

Related Articles