عمران خان کی ہسپتال منتقلی کی تیاریاں تیز، اڈیالہ جیل انتظامیہ کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کا مراسلہ

عمران خان کی ہسپتال منتقلی کی تیاریاں تیز، اڈیالہ جیل انتظامیہ کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کا مراسلہ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے لیے اڈیالہ جیل انتظامیہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔

19 اگست 2026 کو ڈاکٹر عظمیٰ خان کے قانون دان خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے سینئر سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی ساجد بیگ کو خط ارسال کیا، جس کے ساتھ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے فیصلے اور حکم نامے کی تصدیق شدہ نقل بھی منسلک کی گئی ہے۔

مراسلے میں جیل انتظامیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بغیر کسی تاخیر کے اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے،خط میں معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اسےMost Urgent قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ضروری کارروائی اور ریکارڈ کے لیے جیل انتظامیہ کو باضابطہ طور پر پیش کردیا گیا ہے، لہٰذا عدالتی حکم پر عملدرآمد میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان کی صحت ترجیح ہے،فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے، بیرسٹر گوہر

آج رات منتقلی کا امکان

دوسری جانب عمران خان کو آج رات شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق ممکنہ منتقلی کے پیش نظر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے خصوصی سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی آمد کے پیش نظر ہسپتال میں ہیڈ آف اسٹیٹ لیول کے سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ عملے کے لیے بھی خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔

عملے کو خصوصی ہدایات

ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے متعلقہ عملے کو سیکیورٹی پروٹوکول اور انتظامی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہےعمران خان کی ممکنہ آمد کے پیش نظرہسپتال کے مختلف شعبوں میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھی رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

مراسلے کی کاپیاں متعلقہ حکام کو ارسال

19 اگست کو جاری کیے گئے مراسلے کی نقول متعلقہ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں،خط کی کاپی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب لاہور کو ضروری انتظامات کے لیے جبکہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس صدر ڈویژن راولپنڈی کو معلومات کے لیے بھیجی گئی ہے۔

عدالتی حکم پر عملدرآمد اہم مرحلہ

عمران خان کی منتقلی کے معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد اب اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، ایک جانب عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل جیل انتظامیہ کو باضابطہ طور پر موصول کرا دی گئی ہے، جبکہ دوسری جانب شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں بھی ممکنہ منتقلی کے لیے انتظامات مکمل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

editor

Related Articles