ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر تک کمی کی جائے گی، وفاقی وزیر کا اہم بیان

ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر تک کمی  کی جائے گی، وفاقی وزیر کا اہم بیان

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کی ہدایت کی، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ اوگرا کی جانب سے آج ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے گا۔

ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی متوقع

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے حکام کے ساتھ دو سے تین نشستیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے،انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، انہوں نے حکومت کے ساتھ تعاون پر آئل ریفائنریز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

کسانوں اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف ملے گا

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی سے کاشت کاروں اور ٹرانسپورٹرز کو براہ راست ریلیف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگ کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے،وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں عوام کو مزید خوش خبریاں ملیں گی۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا

علی پرویز ملک نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈیزل پیدا کرنے والے ملک روس کو بھی مشکلات کا سامنا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وزیراعظم کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

مشکل وقت ختم ہوگا

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے اور حکومت مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے،ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت ضرور ختم ہوگا، حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

editor

Related Articles