ملک کے کچھ حصوں میں آج موسم کروٹ لینے والا ہے، مگر لاہور کے شہریوں کو فی الحال گرمی سے خاص ریلیف ملنے کی امید نہیں البتہ محکمہ موسمیات نے ملک کے کچھ حصوں میں دوپہر کے بعد بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی موسم ابر آلود رہ سکتا ہے، بارش کے باعث ان علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے، لیکن موسم نے گرمی کا سلسلہ نہیں توڑا ، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کا امکان نہیں ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔ شہر میں ہواؤں کی رفتار صرف 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک،مطلع جزوی ابر آلود ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جائے گا۔
شہر قائد میں مطلع جزوی ابرآلود اور مرطوب ہے , آج کراچی میں بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گرمی اور حبس کے باعث شہریوں کو دن کے اوقات میں احتیاط کی ضرورت ہے ، خصوصاً دوپہر کے وقت غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز بہتر ہوگا۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے ، یہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 98 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ چشمہ بیراج، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق ملک کے دیگر دریاؤں میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے متاثرہ مقامات پر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، کیونکہ پانی کی سطح میں تبدیلی آئندہ دنوں میں مقامی آبادیوں کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔