iCAUR V23 اور وی 27 پاکستان میں دھوم مچانے کو تیار ، تفصیلات سامنے آگئیں

iCAUR V23 اور وی 27 پاکستان میں دھوم مچانے کو تیار ، تفصیلات  سامنے آگئیں

پاکستان کی ایس یو وی مارکیٹ میں ایک بار پھر ہلچل ہونیوالی ہے۔ نشاط گروپ رواں سال iCAUR V23 اور iCAUR V27 کو پاکستان لانے کی تیاری کر رہا ہے۔ دونوں SUVs برقی ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں، جہاں V23 مکمل الیکٹرک گاڑی ہے، وہیں V27 رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکل (REEV) ٹیکنالوجی کے ساتھ آئے گی۔

نئی ایس یو ویز کی آمد ایسے وقت میں متوقع ہے جب پاکستان میں الیکٹرک اور نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ تاہم، دونوں ماڈلز کی قیمتیں ابھی سامنے نہیں آئیں۔

iCAUR V23 میں کیا خاص ہے؟

iCAUR V23 ایک کمپیکٹ آل الیکٹرک ایس یو وی ہے، جو عالمی مارکیٹ میں ریئر وہیل ڈرائیو اور آل وہیل ڈرائیو آپشنز کے ساتھ دستیاب ہے۔ پاکستان کے لیے نشاط گروپ اس کا ڈوئل موٹر آل وہیل ڈرائیو ورژن لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

V23 میں 81.76 کلو واٹ آور کی NMC بیٹری دی گئی ہے۔ اس کے دونوں الیکٹرک موٹرز مجموعی طور پر 208 ہارس پاور اور 292 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتے ہیں۔ کمپنی کے دعوے کے مطابق یہ SUV NEDC سائیکل کے تحت 430 کلومیٹر تک رینج دے سکتی ہے، جبکہ 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف 7.5 سیکنڈ میں حاصل کر لیتی ہے۔

V23 صرف شہری سفر تک محدود نہیں۔ اس میں 210 ملی میٹر گراؤنڈ کلیئرنس، 43 ڈگری اپروچ اینگل، 41 ڈگری ڈیپارچر اینگل اور 600 ملی میٹر تک پانی میں چلنے کی دعویٰ کردہ صلاحیت موجود ہے۔ اس کے علاوہ چھ ڈرائیونگ موڈز، ری جنریٹو بریکنگ اور وہیکل ٹو لوڈ (V2L) فیچر بھی شامل ہیں۔

 جدید فیچرز

حفاظت کے معاملے میں بھی V23 کو جدید خصوصیات سے لیس کیا گیا ہے۔ SUV میں 6 ایئربیگز اور لیول 2 ADAS موجود ہے۔

اس میں اڈاپٹو کروز کنٹرول، آٹونومس ایمرجنسی بریکنگ، بلائنڈ اسپاٹ ڈیٹیکشن، لین ڈیپارچر پریوینشن اور ٹریفک جام اسسٹ جیسے فیچرز شامل ہیں ، مزید یہ کہ 540 ڈگری 3D کیمرا سسٹم، فرنٹ اور ریئر پارکنگ سینسرز، الیکٹرانک اسٹیبلٹی کنٹرول اور ٹریکشن کنٹرول بھی دستیاب ہیں۔

iCAUR V27 کتنی طاقتور ہوگی؟

دوسری جانب iCAUR V27 سائز اور پاور کے لحاظ سے V23 سے بڑا ماڈل ہے،  یہ مکمل الیکٹرک گاڑی کے بجائے رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکل (REEV) ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہے۔

اس سسٹم میں گاڑی کے پہیوں کو الیکٹرک موٹرز چلاتی ہیں، جبکہ 1.5 لیٹر ٹربو چارجڈ پیٹرول انجن بیٹری کو بجلی فراہم کرکے گاڑی کی مجموعی رینج بڑھاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :گاڑی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری ، ایلانٹرا 1.6کی بکنگ کیساتھ بڑا فائدہ مل گیا

V27 میں ڈوئل موٹر آل وہیل ڈرائیو سسٹم دیا گیا ہے،  فرنٹ موٹر 150 کلو واٹ جبکہ ریئر موٹر 185 کلو واٹ پیدا کرتی ہے۔ دونوں موٹرز کا مجموعی آؤٹ پٹ 449 ہارس پاور اور 505 نیوٹن میٹر ٹارک ہے۔ یہی طاقت اسے 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف 5.9 سیکنڈ میں حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔

ایک چارج پر 150 کلومیٹر

V27 میں 34.31 کلو واٹ آور بیٹری موجود ہے، جو دعوے کے مطابق 150 کلومیٹر تک خالص الیکٹرک رینج فراہم کرتی ہے تاہم، رینج ایکسٹینڈر کی مدد سے اس کی مجموعی رینج 995 کلومیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔

اس ڈی سی میں فاسٹ چارجنگ کی سہولت بھی موجود ہے اور یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ بیٹری 20 فیصد سے 80 فیصد تک تقریباً 30 منٹ میں چارج ہو سکتی ہے۔

V27 میں آن روڈ اور آف روڈ ڈرائیونگ موڈز، اڈاپٹو ڈیمپنگ اور جدید ٹریکشن کنٹرول بھی شامل ہیں۔ مزید یہ کہ بریک والے ٹریلر کے ساتھ یہ SUV 1,600 کلوگرام جبکہ بغیر بریک والے ٹریلر کے ساتھ 750 کلوگرام تک وزن کھینچ سکتی ہے۔

V27 میں بھی Level 2 ADAS

حفاظتی اعتبار سے V27 میں بھی 6 ایئربیگز اور لیول 2 ADAS شامل ہے۔ اس کے فیچرز میں اڈاپٹو کروز کنٹرول، لین کیپنگ اینڈ سینٹرنگ، آٹونومس ایمرجنسی بریکنگ، بلائنڈ اسپاٹ ڈیٹیکشن اور ریئر کراس ٹریفک بریکنگ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 540 ڈگری کیمرا، ڈرائیور مانیٹرنگ سسٹم اور رول اسٹیبلٹی کنٹرول بھی گاڑی کا حصہ ہیں۔

پاکستان میں کب آئے گی iCAUR V23 اور V27 اور ان کی قیمت کیا ؟ 

نشاط گروپ دونوں SUVs، یعنی iCAUR V23 اور V27، رواں سال پاکستان میں لانچ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے تاہم، کمپنی نے ابھی تک دونوں گاڑیوں کی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا۔

ان گاڑیوں کی آمد پاکستانی صارفین کے لیے خاص طور پر دلچسپ ہوسکتی ہے، کیونکہ V23 مکمل الیکٹرک ڈرائیونگ پیش کرے گی جبکہ وی 27  کا REEV سسٹم طویل سفر کے دوران رینج کی پریشانی کم کرنے کا راستہ فراہم کرتا ہے ، صارفین اب ان دونوں ایس یو ویزکی پاکستانی قیمت، بکنگ اور باضابطہ لانچ کی تاریخ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

editor

Related Articles