ملک بھر میں نبی آخر الزماں سرور کونین حضرت محمدﷺ کی ولادت باسعادت کے جشن کی تیاریاں عروج پر ہیں، شہر شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا جبکہ ہر سو درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔
ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ (12 ربیع الاول) کل بروز (بدھ) کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبیؐ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا اور ملک بھر میں جلوس بھی نکالے جائیں گے۔
عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے آج شب ملک بھر کی مساجد میں میلاد اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں علماء کرام نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔
آمد مصطفیﷺ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔
آمد رسولﷺ کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاء سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے، جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
لاہور میں ٹریفک انتظامات مکمل
لاہور میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے لیے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ، زونل ایس ایس پیز کی سپرویژن میں 16 ڈی ایس پیز فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ 400 انسپکٹرز اور 1400 سے زائد وارڈنز و پٹرولنگ آفیسرز تعینات ہوں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں پانچ بڑے جلوس برآمد ہوں گے، جن میں سب سے بڑا جلوس نوری بلڈنگ ریلوے اسٹیشن سے برآمد ہو کر داتا صاحب پہنچے گا، جبکہ دہلی گیٹ سے برآمد ہونے والا جلوس بھی داتا حضور پہنچے گا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ کسی بھی سڑک کو ٹریفک کے لیے مکمل بند نہیں کیا جائے گا، جبکہ راستہ ایف ایم، راستہ ایپ، الیکٹرانک اور سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں کو مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔
کراچی میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ
کراچی میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 11 اور 12 ربیع الاول کو بھاری گاڑیوں کا شہر میں داخلہ ممنوع ہوگا ، شہر میں ڈمپر ، ٹینکرز اور دیگر ہیوی گاڑیوں کی 25 اور 26 اگست کو پابندی عائد کی گئی ہے ۔
اس سلسلے میں 11 ربیع الاول سے 12 ربیع الاول کی شب تک بھاری گاڑیاں شہر میں چلانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے ، جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مختلف جلوسوں اور ریلیوں کے لیے ٹریفک انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے ۔
حیدرآباد میں جشن عید میلادالنبی کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں گلیوں محلوں عمارتوں اور مساجد کو رنگ برنگے قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، شہر بھر میں عید میلادالنبی کے حوالے سے اسٹالز بھی لگے ہیں۔
ملک بھر میں عاشقان رسول ﷺسرور کونین کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہیں اور نبی کریم پر درود و سلام بھیج رہےہیں ، علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیﷺ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپؐ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپؐ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوسکتا ہے۔