ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے مشہور ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول میں استعمال ہونے والی فٹبال ایک بار پھر تاریخ کا حصہ بن گئی، گیند 25 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام کردی گئی۔
یہ تاریخی واقعہ 1986 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا تھا۔ میراڈونا نے انگلینڈ کے گول کیپر پیٹر شلٹن کو چکمہ دیتے ہوئے ہاتھ کی مدد سے گیند گول میں پہنچائی تھی، جسے بعد میں ’ہینڈ آف گاڈ‘ کے نام سے شہرت ملی۔
اسی میچ میں میراڈونا نے اپنی غیر معمولی ڈرِبلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے 5 کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ کر ایک اور شاندار گول کیا تھا۔ اس گول کو بعد میں ’گول آف دی سنچری‘ قرار دیا گیا۔
میراڈونا کے ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول میں استعمال ہونے والی گیند کو امریکی نیلام گھر ہیریٹیج آکشنز میں فروخت کیا گیا، جہاں اس کی قیمت 3.3 ملین ڈالر، یعنی تقریباً 25 لاکھ پاؤنڈ رہی۔ تاہم نیلامی سے قبل اندازہ لگایا گیا تھا کہ گیند کی قیمت 10 ملین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
میچ کے ریفری علی بن ناصر نے اس گیند کو کئی دہائیوں تک اپنے پاس محفوظ رکھا۔ یہی گیند 2022 میں بھی نیلام ہوئی تھی اور اس وقت اسے 2.37 ملین ڈالر میں فروخت کیا گیا تھا۔
میراڈونا کا یہ متنازع گول آج بھی فٹبال کی تاریخ کے سب سے زیادہ یاد کیے جانے والے لمحات میں شمار ہوتا ہے، جبکہ اس سے جڑی گیند کی دوبارہ نیلامی نے بھی دنیا بھر میں شائقین کی توجہ حاصل کی۔