وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر کے 57 سرکاری ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق پہلے مرحلے میں اہم سرکاری ہسپتالوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، جہاں ضرورت کے مطابق فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے۔ آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو اور دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے تمام واسا ایجنسیوں کو اہم مقامات کی نشاندہی اور تنصیب کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بڑے ہسپتالوں کے قریب پہلے سے موجود فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی اور فعالیت کا بھی فوری جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر نئے ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے۔
ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ایک سرکاری ہسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے بعد پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔