ایرانی حکام قومی یکجہتی کو متاثر کرنے والے بیانات سے گریز کریں،مجتبیٰ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی حکام کو ایسے بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جو عوامی حوصلے کو کمزور کرنے یا قومی یکجہتی کو متاثر کرنے کا باعث بنیں۔ انہوں نے موجودہ مشکلات اور دباؤ کے باوجود ملک میں اتحاد اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور عوامی یکجہتی کو برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ایسے کسی بھی حوصلہ شکن بیان سے گریز کیا جائے جس سے عوام کے اعتماد یا قومی حوصلے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔

 یہ بھی پڑھیں :معاہدے کی خلاف ورزیوں نے ثابت کر دیا ٹرمپ کے دستخط کی کوئی حیثیت نہیں، ایرانی سپریم لیڈر

ایرانی سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مشکلات کے باوجود داخلی اتحاد کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ موجودہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کی جانب سے بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے جنگ یا دیگر نقصانات سے متاثر ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور ملک کے توانائی کے وسائل کے بہتر انتظام کے لیے حکومت کے اقدامات کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پابندیوں اور دیگر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود ایرانی حکومت کو ایک مضبوط ایران کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ ملک کو درپیش معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومتی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے حکومت پر زور دیا کہ مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے درآمدات کے معاملے میں دانش مندانہ حکمت عملی اختیار کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی زور دیا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے معیشت میں امریکی ڈالر کے کردار کو کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنی معاشی پالیسیوں میں ملکی صلاحیتوں اور پیداوار پر زیادہ انحصار کرنا چاہیے۔

 یہ بھی پڑھیں :آبنائے ہرمز ایران کی ملکیت، دنیا کی کوئی طاقت اسے ہم سے نہیں چھین سکتی، مشیر ایرانی سپریم لیڈر

انہوں نے تسلیم کیا کہ بیرونی دباؤ اور دشمن کے اقدامات کے اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ایران اپنے معاملات کو دانش مندانہ انداز میں منظم کر کے اور ملکی پیداوار کو فروغ دے کر معاشی ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکتا ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ موجودہ مشکلات کے باوجود قومی اتحاد، داخلی صلاحیتوں پر اعتماد اور مؤثر معاشی انتظام ایران کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

editor

Related Articles