وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید نے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاک سعودی تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارک باد دی اور پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔
شہباز شریف نے سعودی سفیر کی سفارتی خدمات اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی،اس موقع پر وزیرِ اعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے اہم اور مثبت کردار کو بھی سراہا،سعودی سفیر نواف بن سعید نے پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران ملنے والی گرمجوشی، تعاون اور میزبانی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام ان کے لیے ایک یادگار اور خوش گوار تجربہ رہا ہے،سعودی سفیر نے پاک سعودی عرب تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا بھی اعادہ کیا۔