بھارت کی آنجہانی لیجنڈ گلوکارہ آشا بھوسلے کا آخری فلمی گانا آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آشا بھوسلے کا آخری ریکارڈ کیا گیا گانا فلم ساز ہریش ویاس کی آنے والی ڈرامہ کامیڈی فلم ’اوم کا ہری‘میں شامل کیا گیا ہے، جسے 8 ستمبر کو ان کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا جائے گا۔ ’اے میری زندگی، تو چھپی ہے کہاں‘کے عنوان سے یہ گانا 2023 کے آخر میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ فلم کی کہانی باپ اور بیٹے کے رشتے کے گرد گھومتی ہے۔
آشا بھوسلے نے سات دہائیوں سے زائد عرصے تک بالی وڈ میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور 12 ہزار سے زیادہ گانے ریکارڈ کیے۔ ان کے مشہور گانوں میں ’دم مارو دم‘،’پیا تو اب تو آجا‘، ’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو‘ اور’یہ میرا دل‘ شامل ہیں۔ لیجنڈ گلوکارہ رواں سال 12 اپریل کو 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔