دنیا کو خوفزدہ کرنے والا پینی وائز،معروف برطانوی اداکار انتقال کرگئے

دنیا کو خوفزدہ کرنے والا پینی وائز،معروف برطانوی اداکار انتقال کرگئے

معروف برطانوی اداکار اور گلوکار ٹم کری 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ فلم  دی روکی ہارر پیکچر شو میں منفرد کردار فرینک این فرٹر اور اسٹیفن کنگ کی ہارر کہانی اٹ کے 1990 کے ٹی وی ورژن میں خوفناک مسخرے پینی وائز کا کردار ادا کرنے کے لیے دنیا بھر میں مشہور تھے۔

ٹم کری کے دیرینہ مینیجر اور دوست مارشیا ہروٹز کے مطابق اداکار نے 25 اگست کو لاس اینجلس کے علاقے ٹولوکا لیک میں واقع اپنے گھر میں پُرامن طور پر آخری سانس لی۔ لاس اینجلس پولیس نے بھی ایک 80 سالہ شخص کی موت کی تحقیقات کے لیے پولیس کی موجودگی کی تصدیق کی۔

ٹم کری نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1968 میں لندن میں معروف راک میوزیکل ہیئر  سے کیا۔ 1973 میں ان کے ساتھی اداکار رچرڈ اوبرائن نے انہیں اپنے نئے میوزیکل کے لیے آڈیشن دیا، جہاں انہیں ڈاکٹر فرینک این فرٹر کا کردار ملا۔

یہ بھی پڑٖھیں:رجب بٹ کی فلم میں عمار خان کی انٹری، سوشل میڈیا پر شدید تنقید

بعد ازاں یہی کردار دی روکی ہارر پیکچر شو میں بھی ان کی پہچان بن گیا۔ 1975 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم ابتدا میں بڑی کامیابی حاصل نہ کرسکی، لیکن وقت کے ساتھ ایک مقبول کلٹ فلم بن گئی اور آج بھی دنیا بھر میں اس کے مداح موجود ہیں۔

ٹم کری نے اپنے کیریئر میں صرف ایک طرح کے کردار تک خود کو محدود نہیں رکھا۔ انہوں نے’اٹ‘ میں پینی وائز، مپیٹ ٹریئزر آئی لینڈ میں لانگ جان سلور، عینی میں مسٹر ہینیگن کے بھائی اورہوم الون ٹو سمیت متعدد معروف فلموں اور ٹی وی پروجیکٹس میں کام کیا۔

اسٹیج پر بھی ان کا کیریئر شاندار رہا۔ انہیں براڈوے پر امیڈیوس، مائی فیورٹ ایئراوراسپامالوٹ میں اداکاری پر3 مرتبہ ٹونی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ اسپامالوٹ  میں انہوں نے کنگ آرتھر کا کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایکشن سین پڑ گیا بھاری، بالی وڈڈ اداکار شدید زخمی، سرجری متوقع

2012 میں ٹم کری کو شدید فالج کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ وہیل چیئر تک محدود ہوگئے، تاہم انہوں نے فن سے اپنا تعلق برقرار رکھا۔ بعد کے برسوں میں انہوں نے وائس ایکٹنگ، فلمی کنونشنز اور تحریر کے ذریعے کام جاری رکھا۔

ویڈیو گیم کمانڈ اینڈ کانکر،ریڈ الرٹ3 میں سوویت رہنما اناتولی چیرڈنکو کا کردار بھی نئی نسل میں ان کی شہرت کا سبب بنا، جبکہ ان کے ایک مکالمے نے بعد میں انٹرنیٹ پر میم کی شکل اختیار کرلی۔ ٹم کری نے گزشتہ برس اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ویگابونڈبھی شائع کی تھی۔

اداکار کے انتقال پر ساتھی فنکاروں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اداکار لیوک ایونز نے انہیں ایک منفرد فنکار اور روشن شعلہ قرار دیا، جبکہ اداکار روب شنائیڈر نے انہیں اسٹیج اور اسکرین کا غیر معمولی فنکار قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔

پانچ دہائیوں پر محیط کیریئر میں ٹم کری نے کامیڈی، ہارر، ڈراما، میوزیکل اور وائس ایکٹنگ سمیت مختلف شعبوں میں اپنی الگ شناخت بنائی اور اپنے یادگار کرداروں کے ذریعے شوبز کی دنیا پر گہرا اثر چھوڑا۔

editor

Related Articles