معروف اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار دنانیر مبین نے گلوکاری کی دنیا میں باقاعدہ قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا میوزک ٹریک ’ٹچ‘ ریلیز کردیا۔
دنانیر کا یہ گانا دنیا بھر کے بڑے میوزک پلیٹ فارمز پر سننے کے لیے دستیاب ہے۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پروموشنل ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے نئے میوزک پروجیکٹ سے متعارف کرایا۔
دنانیر مبین نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اعلان کیا کہ ’ٹچ‘ اب تمام پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔ اس گانے کی تیاری میں ایٹ انوزیبل ول نے بھی دنانیر کے ساتھ کام کیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق ٹریک کی تیاری پر کافی سوچ بچار کی گئی تاکہ اس کی دھن اور ردھم سننے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرسکے۔
دنانیر نے گانے کی تشہیر کے لیے اپنے کیپشن میں ’فیل دِس اِن یور فیٹ‘ کا جملہ بھی استعمال کیا، جس سے ٹریک کے جاندار اور شوخ انداز کا اندازہ ہوتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ مداح اس گانے کو پسند کریں گے اور اس کی دھن پر جھوم اٹھیں گے۔
سوشل میڈیا سے اداکاری اور اب گلوکاری تک
دنانیر مبین نے شوبز میں قدم رکھنے سے پہلے سوشل میڈیا پر اپنی مختصر ویڈیو کے ذریعے غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے اداکاری کا رخ کیا اور مختلف ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ وہ ’صنف آہن‘ اور ’محبت گمشدہ میری‘ سمیت مختلف مشہور پراجیکٹس کا حصہ رہ چکی ہیں۔
دنانیر اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر اپنی گلوکاری کی ویڈیوز اور پرفارمنسز شیئر کرتی رہی ہیں، تاہم ’ٹچ‘ کی ریلیز موسیقی کے میدان میں ان کا پہلا باقاعدہ قدم ہے۔ اداکاری اور سوشل میڈیا کے بعد اب گلوکاری میں دنانیر کی انٹری نے ان کے کیریئر میں ایک نیا باب کھول دیا ہے، اور دیکھنا یہ ہے کہ مداح ان کے اس نئے روپ کو کس طرح پسند کرتے ہیں۔