تیل کی قیمتوں سے متعلق بڑی خوشخبری، قیمتیں اچانک گر گئیں

تیل کی قیمتوں سے متعلق بڑی خوشخبری، قیمتیں اچانک گر گئیں

مشرق وسطیٰ سے خام تیل کی برآمدات میں اضافے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ خطے سے خام تیل کی ترسیل میں بہتری کے باعث عالمی سپلائی کے حوالے سے فوری خدشات میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا۔

رائٹرز کے مطابق مشرق وسطیٰ سے بعض دنوں میں خام تیل کی برآمدات امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے قبل کی سطح سے بھی تجاوز کر گئی ہیں۔ یکم اکتوبر تک خطے سے خام تیل کی اوسط برآمدات تقریباً 18.5 ملین بیرل یومیہ ریکارڈ کی گئیں جبکہ جنگ سے قبل یہ اوسط تقریباً 18 ملین بیرل یومیہ تھی۔

رپورٹ کے مطابق 24 ستمبر اور 27 سے 29 ستمبر کے دوران مشرق وسطیٰ سے خام تیل کی یومیہ برآمدات جنگ سے پہلے کی سطح سے بھی زیادہ رہیں۔ سپلائی میں اس بحالی نے عالمی منڈی میں فوری قلت کے خدشات کو کم کیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت تقریباً ایک فیصد کمی کے بعد 101.18 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.03 فیصد کمی کے بعد 90.12 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس، عمران خان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم

تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک اہم وجہ جی سیون ممالک کی جانب سے ہنگامی ذخائر سے مجموعی طور پر 10 کروڑ بیرل خام تیل اور ایندھن عالمی مارکیٹ میں جاری کرنے کا فیصلہ بھی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عالمی منڈی میں اضافی سپلائی فراہم کرنا اور بالخصوص ڈیزل کی بلند قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں مدد دینا ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں موجودہ کمی کو مستقل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ خلیج اور آبنائے ہرمز کے اطراف توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور تیل بردار جہازوں کو لاحق سیکیورٹی خطرات اب بھی برقرار ہیں۔

توانائی کے شعبے کے ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ سے خام تیل کی سپلائی میں بحالی نے قیمتوں کو وقتی ریلیف فراہم کیا ہے، تاہم ٹینکرز کے بڑھتے ہوئے اخراجات، انشورنس کی بلند لاگت، محدود ریفائننگ صلاحیت اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles