پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر کے ہاں بیٹے کی پیدائش کی خبر سامنے آئی ہے۔ سوشل میڈیا پر مبارک باد کے پیغام کے بعد مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
نیلم منیر کا شمار پاکستان کی مقبول ٹی وی اور فلمی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ اپنی خوبصورتی، جاندار اداکاری اور منفرد کرداروں کے باعث مداحوں میں خاص مقام رکھتی ہیں۔ انسٹاگرام پر بھی انہیں لاکھوں افراد فالو کرتے ہیں۔
اداکارہ نے نومبر 2024 میں دبئی میں محمد راشد سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد انہوں نے ڈراموں میں کام کم کر دیا اور دبئی منتقل ہوگئیں۔حالیہ دنوں میں دبئی میں نیلم منیر کی بعض عوامی تصاویر سامنے آئی تھیں، جن میں ان کا بیبی بمپ دکھائی دے رہا تھا، تاہم اداکارہ نے اپنی حمل کی خبر باضابطہ طور پر مداحوں کے ساتھ شیئر نہیں کی تھی۔
اب نیلم منیر کے شوہر کے ایک قریبی عزیز کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبارک باد کا پیغام شیئر کیا گیا ہے، جس میں محمد راشد کو بیٹے کی پیدائش پر مبارک باد دی گئی اور نومولود کے لیے صحت، خوشی اور لمبی عمر کی دعا کی گئی۔
تاہم نیلم منیر یا ان کے شوہر کی جانب سے تاحال اس خبر کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ نیلم منیر کے مداح ان کی زندگی کی اس نئی خوشی کے حوالے سے مزید تفصیلات کے منتظر ہیں۔