فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے ریلز کو اپنی ایپ کا بنیادی فیچر بنانے کے لیے ایک نیا فیصلہ کیا ہے۔
میٹا کی ملکیت اس فوٹو شیئرنگ ایپ میں ایک متبادل یوزر انٹرفیس کی آزمائش کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ریلز کو ایپ میں مرکزی حیثیت دینا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق کمپنی یہ آزمائش فی الحال محدود تعداد میں صارفین پر کر رہی ہے، اس نئے ڈیزائن کے تحت صارفین کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ ایپ کھولتے ہی روایتی فیڈ کے بجائے براہ راست ریلز فیڈ کھول سکیں ، دوسرے لفظوں میں، جو صارف چاہے گا، ریلز کو اپنی مین فیڈ بنا سکے گا۔
اسٹوریز اور روایتی فیڈ بھی موجود رہیں گے
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریلز کو مین فیڈ بنانے کی صورت میں بھی اسٹوریز پہلے کی طرح ہوم اسکرین کے اوپر نظر آئیں گی ، اس کے علاوہ صارفین روایتی فیڈ پر بھی جا سکیں گے، یعنی پرانا انداز مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا رہا۔
بتایا گیا ہے کہ انسٹاگرام اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کر رہا تھا، تاہم اب جا کر اس کی صارفین پر باقاعدہ آزمائش شروع کی گئی ہے۔
ریلز پر زور کیوں؟
میٹا کی جانب سے ریلز پر زیادہ توجہ دینے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ اب انسٹاگرام صارفین کے وقت کا 50 فیصد سے زائد حصہ ریلز ویڈیوز دیکھنے میں گزرتا ہے ، یہی رجحان کمپنی کو اس سمت میں آگے بڑھنے پر آمادہ کر رہا ہے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب اور کتنے صارفین تک پہنچے گا۔ آزمائش کے نتائج ہی اس کا فیصلہ کریں گے کہ آیا یہ تبدیلی تمام صارفین کے لیے متعارف کرائی جاتی ہے یا نہیں۔