خلائی مخلوق انسانوں کو چِڑا رہی ہے؟ امریکی بحریہ سے متعلق حیران کن انکشاف

خلائی مخلوق انسانوں کو چِڑا رہی ہے؟ امریکی بحریہ سے متعلق حیران کن انکشاف

سابق امریکی محکمہ دفاع کے کنٹریکٹر گیری موشیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ خلائی مخلوق پہلے ہی انسانوں کے درمیان رہ رہی ہے اور مبینہ طور پر امریکی بحریہ کے جنگی طیاروں کو خوفزدہ کرکے اپنی ٹیکنالوجی کی برتری ظاہر کر رہی ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کو دیے گئے انٹرویو میں گیری موشیئر نے یہ دعوے ایک ایسے وقت میں کیے ہیں جب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے حال ہی میں اپنی تازہ ترین یو ایف او فائلیں جاری کی ہیں۔

گیری موشیئر ماضی میں امریکی محکمہ دفاع کے ساتھ بطور کنٹریکٹر کام کر چکے ہیں اور جدید فوجی ہتھیاروں کی تیاری کے منصوبوں سے وابستہ رہے ہیں۔ ان کی کتاب کے ناشر شِفر کے مطابق وہ تقریباً 30 سال تک محکمہ دفاع میں انجینئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔

موشیئر اب یو ایف اوز پر تحقیق کرنے والی دو تنظیموں، سول فاؤنڈیشن اور سائنٹیفک کولیشن فار یو اے پی اسٹڈیز، سے بھی وابستہ ہیں۔ اپنی کتاب ’دے آر ہیر: یو ایف اوز اینڈ دیئر آکیوپنٹس‘ میں انہوں نے گزشتہ 12 سال کی یو ایف او رپورٹس کے مطالعے کی بنیاد پر اپنے نظریات پیش کیے ہیں۔

موشیئر کا دعویٰ ہے کہ آسمان پر پراسرار پروازیں، انسانوں کے مبینہ اغوا کے واقعات، فصلوں میں پراسرار دائرے اور مویشیوں کی غیر معمولی ہلاکتیں دراصل خلائی مخلوقات کی جانب سے انسانوں کو خوفزدہ کرنے کی منظم کوششیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:زمین سے خلا تک اے آئی کی دوڑ، اسپیس ایکس کو بڑی اجازت مل گئی

انہوں نے 2004 کے امریکی بحریہ کے مشہور واقعے کا بھی حوالہ دیا، جب جنگی جہاز یو ایس ایس نِمِٹز کے کمانڈر ڈیوڈ فریور نے سفید رنگ کی کیپسول نما ایک نامعلوم فضائی شے دیکھنے کی اطلاع دی تھی۔ اس شے کو بعد میں ’ٹک ٹیک‘ کا نام دیا گیا۔

موشیئر کے مطابق ایسی پراسرار اشیا امریکی بحریہ کے لڑاکا طیاروں کا تعاقب کرتی ہیں اور ان کے قریب پرواز کرکے اپنی جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مخلوقات امریکی فوج کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی برتری کا احساس دلانا چاہتی ہیں۔

انہوں نے اپنے دعوے کو مختصر الفاظ میں بیان کرتے ہوئے کہا، ’وہ ہمیں چِڑا رہے ہیں۔‘

تاہم ان حیران کن دعوؤں کے باوجود اب تک کوئی مستند سائنسی ثبوت سامنے نہیں آیا جو یہ ثابت کرسکے کہ خلائی مخلوق زمین پر موجود ہے یا انسانوں کے درمیان رہ رہی ہے۔ اس لیے موشیئر کے بیانات کو فی الحال ان کے ذاتی دعووں اور نظریات کے طور پر ہی دیکھا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles