سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں آج ایک بار پھر بڑی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے سونے کے نرخ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 25 ڈالر کے اضافے سے 2653 ڈالر تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ بدھ کو 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت 2500 روپے کے اضافے سے 275500 روپے ہو گئی۔ اسی طرح، ملک میں فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2144 روپے کے اضافے سے 236197 روپے کی نئی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 100 روپے کے اضافے سے 3050 روپے، جبکہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 85.74 روپے کے اضافے سے 2614.88 روپے کی سطح پر آگئی۔

