افغان اسپنر مجیب الرحمان نے پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ کیلئے رجسٹریشن کرالی

پاکستان سپر لیگ 2025 کیلئے افغان اسپنر مجیب الرحمان نے بھی اپنی دستیابی کا اعلان کرتے ہوئے پلیئرز ڈرافٹ کیلئے رجسٹریشن کرالی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے ڈرافٹ کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے، افغان اسپنر سے قبل آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے بھی پاکستان سپر لیگ کے 10 ویں ایڈیشن کے پلیئرز ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کروالی۔

ڈیرل مچل کے بعد پی ایس ایل میں 2 نامور کیوی کرکٹرز بھی ڈرافٹس میں شامل ہوگئے ہیں ، حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کیوی فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی اور جارح مزاج بلے باز مارٹن گپٹل نے 10 ویں پی ایس ایل ایڈیشن کیلئے غیر ملکی پلئیر ڈرافٹ میں اپنا نام درج کروایا ہے۔

تینوں نامور کرکٹرز نے ڈرافٹس میں اپنی آمد کی تصدیق کردی ہے، اس کے علاوہ انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر جیسن رائے، ڈیوڈ ملان، فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی، سیم کرن اور ٹام کوہلر بھی ڈرافٹس میں شامل ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 10: پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب گوادر سے لاہور منتقل ہونے کا امکان

ای سی بی کی جانب سے اس سے قبل انگلش کرکٹرز کے لیے پی ایس ایل سمیت دیگر لیگز میں شرکت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

اس کے باوجود انگلش پلیئرز نے پاکستان سپر لیگ اور دیگر لیگز کیلیے ناموں کی رجسٹریشن کروائی ہے، انگلش کرکٹ بورڈ نے پلیئرز کے آئی پی ایل کھیلنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔

آسٹریلیا کے ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ کے نام کی بھی پی سی بی کی جانب سے تصدیق کی جاچکی ہے، جنوبی افریقی کے رئیلی روسو، زمبابوے کے کپتان سکندر رضا بھی ڈرافٹس میں موجود ہونگے۔

نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل، آسٹریلوی وکٹ کیپر ایلکس کیری، بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی ان کرکٹرز میں شامل ہیں جو ڈرافٹ کے لیے اپنا نام درج کرواچکے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کیلئے پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری کو گوادر میں منعقد ہوگا تاہم تقریب لاہور منتقل ہونے کاامکان ظاہر کیا جارہا ہے جہاں پی اس ایل فرنچائز غیرملکی پلیئرز کو اپنے پاس برقرار رکھنے اور خریدنے کا فیصلہ کریں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پلیئرز ڈرافٹ 11 جنوری کو ہوگاجبکہ پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن اپریل میں ہوگا۔

editor

Related Articles