پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں پنجاب کے عوام کے لیے شروع کیے گئے مفت سولر پروگرام کی تفصیلات کا اعلان کرد یا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور اس صورتحال میں وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کی فلاح کے لیے مفت سولر پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 100 سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 550 واٹ کا سولر سسٹم دیا جائے گا جبکہ 101 سے 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 1100 واٹ کا سولر پینل فراہم کیا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد عوام کو بجلی کی بلوں میں کمی لانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اس سال ایک لاکھ سولر پینلز تقسیم کیے جائیں گے، جن کی مجموعی لاگت 10 ارب روپے ہے۔ انہوں نے عوام کو سولر سسٹم حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ بھی بتایا، جس کے تحت شہری اپنے شناختی نمبر کے ساتھ 8800 پر پیغام بھیج کر خود کو رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر حکومت کے دیگر عوامی منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ 8 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کے لیے بھی منصوبہ شروع کیا گیا ہے تاکہ زرعی شعبے کی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب میں جھینگے فارمنگ کے منصوبے پر کام جاری ہے، جس سے یہ علاقہ جھینگے فارمنگ کا مرکز بننے جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کی شرح کو 4.1 فیصد تک کم کیا ہے، جس پر وزیراعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عوامی فلاحی منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کی ہے اور انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی۔