بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پہلی پراپرٹی خریداری پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) ختم کرنے کی تجویز پر اپنی حمایت کا اعلان کر دیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق یہ اقدام رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو بڑھانے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ فی الحال پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایف ای ڈی کی شرحیں فائلرز کے لیے 3 فیصد، لیٹ فائلرز کے لیے 5 فیصد جبکہ نان فائلرز کے لیے 7 فیصد مقرر ہیں۔
اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو پہلی بار گھر خریدنے والوں کو مکمل چھوٹ ملے گی جبکہ دوسری یا اس کے بعد کی خریداری پر موجودہ شرح کے مطابق ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق پراپرٹی سیکٹر کے دیگر ٹیکسز اپنی جگہ برقرار رہیں گے، نیز فروخت کنندگان پر عائد ٹیکس میں بھی کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔
آئی ایم ایف نے رئیل اسٹیٹ سے متعلق دیگر ٹیکس مراعات کی مخالفت کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ رعایت صرف پہلی خریداری تک محدود ہوگی۔