موسم سرما کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری

موسم سرما کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری

موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے گھریلو صارفین کے لیے گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نیا شیڈول 2025 کی سردیوں کے دوران ملک بھر میں لاگو ہوگا، جس کے تحت گھریلو صارفین کو اب دن کے صرف مخصوص اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کمپنی کی جانب سے یہ فیصلہ ملک میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب اور قلت کے باعث کیا گیا ہے۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق گھریلو صارفین کو صبح 5 بج کر 30 منٹ سے 8 بج کر 30 منٹ تک، دوپہر 11 بج کر 30 منٹ سے 1 بج کر 30 منٹ تک، اور شام 5 بج کر 30 منٹ سے 8 بج کر 30 منٹ تک گیس فراہم کی جائے گی۔

یہ شیڈول لاہور، اسلام آباد سمیت ایس این جی پی ایل کے تمام ریجنز میں نافذ ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ اوقات کے علاوہ گیس پریشر کم رہنے یا سپلائی معطل ہونے کا امکان ہے۔

کمپنی کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام شہری اور دیہی علاقوں میں محدود گیس کی منصفانہ تقسیم کے لیے کیا گیا ہے تاکہ تمام صارفین کو سردیوں کے دوران بنیادی ضروریات کے لیے گیس دستیاب رہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کھانے پکانے اور ہیٹنگ کے اوقات اس شیڈول کے مطابق ترتیب دیں تاکہ مشکلات سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:  سوئی گیس کمپنیوں نے گیس مہنگی کرنے کی درخواستیں دائر کر دیں

ایس این جی پی ایل نے وضاحت کی ہے کہ یہ شیڈول عارضی ہے اور موسم یا گیس سپلائی کی صورتحال کے مطابق اس میں تبدیلی ممکن ہے۔ کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گیس کا استعمال احتیاط سے کریں اور چوری یا غیر قانونی کنکشن کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ عوام کے تعاون سے موسم سرما میں گیس کی دستیابی بہتر انداز میں یقینی بنائی جا سکے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *