انجینئرنگ کی پابندیوں، سگنل کے مسائل اور ٹریک کی مرمت کے جاری کاموں کے باعث پاکستان ریلوے کو ایک مرتبہ پھر ٹرینوں کی آمد و رفت کے نظام میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر سردیوں کے لیے جاری کردہ ٹائم ٹیبل پر عمل درآمد عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، اور تاریخ میں پہلی مرتبہ موسمِ سرما کے دوران ٹرین آپریشن کو موسمِ گرما کے اوقاتِ کار کے مطابق چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان ریلوے نے سابقہ موسمِ گرما کا ٹائم ٹیبل، جو 15 اپریل 2025 سے 14 اکتوبر 2025 تک نافذ رہا تھا، دوبارہ 10 نومبر 2025 سے لاگو کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ریلوے کیجانب سے موسمِ سرما کے لیے ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری
اس فیصلے کا مقصد نظام میں کچھ بہتری لانا اور مسافروں کو ممکنہ حد تک تاخیر سے بچانا ہے تاہم، ٹریک پر جاری انجینئرنگ پابندیوں کے باعث ٹرینوں کی رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے، خاص طور پر لاہور سے کراچی کے درمیان سفر اب 4 گھنٹے سے زائد بڑھ چکا ہے، جس کے نتیجے میں یہ سفر تقریباً 24 گھنٹوں میں مکمل ہو رہا ہے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ تاخیر کا بنیادی سبب مختلف مقامات پر جاری مرمتی اور سگنلنگ کے کام ہیں، جنہیں جلد از جلد مکمل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق، جیسے ہی ٹریک اور سگنل سسٹم کی بہتری کے منصوبے مکمل ہوں گے، معمول کے ٹائم ٹیبل کو دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی روانگی سے قبل ٹرینوں کے تازہ ترین اوقات کی تصدیق ضرور کر لیں تاکہ کسی بھی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور چین کےمابین ریلوے شعبے میں تعاون کے نئے امکانات

