وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو چاہیے کہ وہ بھی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی طرح ریلوے کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے تاکہ صوبے کے عوام کو بہتر اور معیاری سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام جی فار غریدہ کی اینکر غریدہ فاروقی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ اگر صوبہ اپنے عوام کے لیے سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے تو وفاق کو اس پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم اصل مسئلہ یہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے پاس ترقیاتی کاموں پر توجہ دینے کی فرصت موجود نہیں ہے۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کیا وفاق نے خیبر پختونخوا حکومت سے کہا ہے کہ وہ کرپشن کرے، سمگلنگ میں ملوث ہو، سمگل شدہ گاڑیاں استعمال کرے یا یہ کہ ڈپٹی کمشنر اور کمشنر رشوت لے کر تعینات کیے جائیں؟ کیا وفاق نے انہیں خوارج کی پشت پناہی کرنے کا کہا ہے؟ ان کے مطابق یہ تمام اقدامات صوبائی حکومت کی اپنی روش ہیں اور اس کے سنگین اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام جی فار غریدہ کی اینکر غریدہ فاروقی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ یہ کوئی معمولی مسئلہ نہیں کہ خیبر پختونخوا میں سمگلنگ ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے اور اس حوالے سے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نشہ آور مواد اور گاڑیوں کی سمگلنگ میں بھی صوبائی حکومت کے لوگوں کی مداخلت ثابت شدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن عام ہے، اے سی اور ڈی سی مبینہ طور پر پیسے لے کر تعینات کیے جاتے ہیں اور پورے انتظامی ڈھانچے میں شفافیت کا شدید فقدان ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ یہ الزامات کسی فردِ واحد پر نہیں بلکہ پوری صوبائی حکومت پر عائد ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق یہی وجوہات ہیں کہ خیبر پختونخوا کے عوام بنیادی سہولتوں اور ترقی کے ثمرات سے محروم ہیں جبکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان اپنے ترقیاتی کاموں کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے سینئر اینکر غریدہ فاروقی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس تمام صورتحال پر ملکی سطح کے معتبر صحافی تفصیلی رپورٹس اور آرٹیکلز شائع کر چکے ہیں، جبکہ وفاقی ادارے بھی ان معاملات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام شواہد موجود ہیں اور ریاست کو سب سے مقدم رکھتے ہوئے کسی بھی وقت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔