نیویارک کی تاریخ میں نیا باب رقم ہوگا، پہلے مسلم میئر زہران ممدانی قرآنِ مجید پر حلف لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک سٹی میں آج یکم جنوری 2026 کو ایک یادگار اور تاریخی لمحہ رقم ہونے جا رہا ہے، جب شہر کے نو منتخب میئر زہران ممدانی اپنی ذمہ داریوں کا آغاز قرآنِ مجید پر حلف اٹھا کر کریں گے، وہ نیو یارک کی تاریخ کے پہلے مسلم میئر ہوں گے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے میئر بھی ہوں گے جو قرآنِ پاک پر حلف لیں گے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب دو حصوں میں منعقد ہوگی، سرکاری تقریب کے دوران زہران ممدانی اپنے دادا کے ذاتی قرآنِ کریم کے ساتھ ایک اور نایاب اور تاریخی قرآن پر بھی حلف اٹھائیں گے، جو معروف سیاہ فام محقق اور ادیب آرتورو شومبرگ کی ملکیت تھا، یہ قرآن نیو یارک پبلک لائبریری کی جانب سے خصوصی طور پر تقریب کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ آرتورو شومبرگ خود مسلمان نہیں تھے، تاہم وہ سیاہ فام تاریخ، ثقافت اور علمی ورثے کے نمایاں محافظ سمجھے جاتے ہیں، ان کی ذاتی لائبریری میں موجود یہ قرآن آج نیو یارک کی کثیرالثقافتی شناخت اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک مضبوط علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ کا پیوٹن اور یوکرین کے مابین جاری جنگ کے خاتمے سے متعلق بڑا انکشاف

