اپنی چھت اپنا گھر پروگرام: گھروں کی تعمیر کےلئے بلاسود قرضے دینے کا فیصلہ

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام: گھروں کی تعمیر کےلئے بلاسود قرضے دینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجراء کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

اس فیصلے کو عوام کے لیے، بالخصوص جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہنے والے خاندانوں کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے، جو طویل عرصے سے محدود رہائشی جگہ کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔

یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر پروجیکٹ سے متعلق منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہاؤسنگ منصوبوں کی موجودہ پیش رفت اور مستقبل کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف پہلوؤں پر غور کے بعد یہ طے پایا کہ اب جوائنٹ فیملی میں رہنے والے افراد بھی اپنے موجودہ گھروں کی توسیع کے لیے اس پروگرام کے تحت بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے۔ اس اقدام سے رہائشی مسائل میں واضح کمی آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اجلاس میں جون 2026ء تک ایک لاکھ 60 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف بھی مقرر کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی زمین اپنا گھر اسکیم کے تحت 1 ہزار 531 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی منظوری بھی دی گئی، جسے کم آمدنی والے طبقے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بورڈ آف پیس میں شمولیت پر تحریک انصاف کا انتشاری پروپیگنڈا بے نقاب، حقائق سامنے آ گئے

وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب بھر میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اس وقت 53 ہزار 843 مکان زیر تعمیر ہیں، جو اس منصوبے کی تیز رفتار پیش رفت کا واضح ثبوت ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک 164 ارب 66 کروڑ روپے کے ریکارڈ بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ ہر خاندان کو باعزت اور محفوظ رہائش کی سہولت فراہم کی جائے، اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام اسی وژن کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔

Related Articles