پاکستان پویلین کے انچارج پاکستانی شہری حارث نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ پویلین گزشتہ ایک سال سے فعال ہے اور اس کا بنیادی مقصد پاکستان کی مصنوعات کو چین لانا اور ای کامرس کے ذریعے عالمی خریداروں تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان سے پنک سالٹ، چائے، مشروبات سمیت مختلف مصنوعات نمائش میں موجود ہیں، تاہم دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستانی مصنوعات کی تعداد ابھی کم ہے۔
حارث کے مطابق پاکستانی تاجر چین میں موجود سفارتخانے کے ذریعے رابطہ کر کے ریگولیٹری اتھارٹی سے لائسنس حاصل کر سکتے ہیں، تاہم اس عمل میں تقریباً 6 سے 8 ماہ کا وقت لگتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت چین میں پاکستانی ہربل شیمپو، ادویات، آم، چاول، زعفران، قدرتی تیل اور کھیلوں کے سامان کی بڑی مانگ موجود ہے۔
پویلین میں موجود چینی حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پاکستان کے سفارتخانے سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور جلد پاکستانی سفیر بھی اس پویلین کا دورہ کریں گے۔
پویلین کو پاکستانی پرچموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے، جہاں پاکستانی وفد نے اپنے قومی پرچم کو دیکھ کر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔