غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کے سرکاری نشریاتی ادارے نے اعلان کیا کہ وہ رواں سال یوروویژن مقابلہ موسیقی 2026 کی نشریات میں حصہ نہیں لے گا۔ یہ فیصلہ اسرائیل کی مقابلے میں شمولیت کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا۔
میڈیارپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یوروویژن یورپ کا ایک مقبول اور تاریخی موسیقی مقابلہ سمجھا جاتا ہے، جسے دنیا بھر میں کروڑوں افراد دیکھتے ہیں، تاہم اس بار اسرائیل کی شرکت نے کئی یورپی ممالک میں شدید ردعمل پیدا کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 1961 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسپین نے یوروویژن کی روایتی نشریات کے بجائے متبادل پروگرام نشر کیے۔ ویانا میں مقابلے کا فائنل شروع ہوتے ہی اسپین کے سرکاری ٹی وی چینل نے فلسطین کے حق میں خصوصی پیغام نشر کیا، جس میں غزہ میں انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اس حوالے سے جاری بیان میں اسپین کے سرکاری نشریاتی ادارے نے کہا کہ یوروویژن صرف ایک موسیقی مقابلہ ہوسکتا ہے، لیکن انسانی حقوق سے لاتعلقی اختیار نہیں کی جاسکتی۔ ادارے نے اپنے پیغام میں فلسطین کے لیے امن، انصاف اور فوری انسانی ہمدردی کے اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کے اس اقدام کو دیگر یورپی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہوئی۔ سلووینیا،نیڈرلینڈ،آئرلینڈ اورآئس لینڈ نے بھی اسرائیل کی شمولیت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بائیکاٹ مہم میں شمولیت اختیار کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے اسرائیل کی مختلف عالمی مقابلوں اور تقریبات میں شرکت کے خلاف کئی ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، جبکہ فلسطین کے حق میں یورپ بھر میں مظاہروں اور یکجہتی مہموں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔