اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایران میں پاکستان کے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی نے تہران روانگی سے قبل ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے ثقافتی، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجا گر کیا اور دو طرفہ تعاون کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی عوامی روابط اور علاقائی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے، قریبی رابطہ کاری اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے دوطرفہ روابط میں مثبت پیش رفت کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔
انہوں نے خطے میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو بھی اجاگر کیا اور امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر عمران احمد صدیقی پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
نائب وزیر اعظم نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔