جاپان میں پرانے اوزاروں اور مشینوں کے ساتھ احترام اور شکرگزاری کا ایک منفرد انداز اپنایا جاتا ہے، جو وہاں کی ثقافت کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔
یہ روایت ’’کویو‘‘کہلاتی ہے، جس کے تحت برسوں تک انسانوں کی خدمت کرنے والی اشیاء کو استعمال سے باہر کرنے یا ری سائیکل کرنے سے پہلے ان کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ اس روایت کا مقصد ان چیزوں کا شکریہ ادا کرنا اور انہیں باوقار انداز میں رخصت کرنا ہوتا ہے۔
جاپان میں یہ تقریبات صرف پرانے اوزاروں تک محدود نہیں بلکہ سوئیوں، برشوں، گڑیوں، گھریلو سامان اور جدید مشینوں کے لیے بھی منعقد کی جاتی ہیں۔
اس روایت کی حالیہ مثال آئی روبوٹ جاپان کی جانب سے سامنے آئی، جہاں ٹوکیو کے معروف کانڈا میوجن عبادت گاہ میں استعمال شدہ رومبا روبوٹ ویکیوم کلینرز کے لیے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر متعدد خاندان اپنے پرانے روبوٹ ویکیوم کلینرز تقریب میں لائے۔ بعض نے انہیں اسٹیکرز اور ہاتھ سے لکھے گئے پیغامات سے بھی سجایا، کیونکہ یہ مشینیں برسوں تک ان کے گھروں کی صفائی میں خاموشی سے مددگار رہی تھیں۔
تقریب کے دوران عبادت گاہ میں ان روبوٹس کے لیے دعائیں کی گئیں، ان کا احترام کیا گیا اور بعد ازاں انہیں ری سائیکلنگ کے لیے بھیج دیا گیا۔
بظاہر یہ روایت غیر معمولی محسوس ہو سکتی ہے، تاہم اس کے پیچھے موجود فلسفہ شکرگزاری اور احترام پر مبنی ہے۔ جاپانی معاشرے میں یہ تصور عام ہے کہ جو چیز برسوں تک انسان کی خدمت کرے، اسے محض ناکارہ سمجھ کر پھینک دینے کے بجائے اس کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
اگرچہ مشینوں میں احساسات نہیں ہوتے، لیکن وہ روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن جاتی ہیں۔ وہ گھریلو کام آسان بناتی ہیں، وقت کی بچت کرتی ہیں اور برسوں تک لوگوں کی مدد کرتی رہتی ہیں۔
جاپان کی یہ روایت اس بات کی یاد دہانی بھی کراتی ہے کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں ہمیں ان اشیاء کی قدر کرنی چاہیے جنہوں نے طویل عرصے تک ہماری زندگی آسان بنائی، اور انہیں احترام کے ساتھ رخصت کرنا بھی شکرگزاری کا ایک خوبصورت اظہار ہے۔