موبائل صارفین کے لیے اہم خبر، یوفون، ٹیلینور انضمام کے بعد ٹیرف بڑھ سکتا ہے

موبائل صارفین کے لیے اہم خبر، یوفون، ٹیلینور انضمام کے بعد ٹیرف بڑھ سکتا ہے

یوفون کی بنیادی کمپنی پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ کی جانب سےٹیلی نار پاکستان کے ساتھ انضمام مکمل ہونے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے موبائل ٹیرف میں اضافے کی درخواست کیے جانے کا امکان ہے۔

پی ٹی اے ذرائع کے مطابق انضمام کے بعد مشترکہ کمپنی صارفین کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان کی سب سے بڑی موبائل آپریٹر بن جائے گی۔ ایسے میں اگر پی ٹی اے مارکیٹ کی سب سے بڑی کمپنی کو ٹیرف بڑھانے کی منظوری دیتا ہے تو دیگر ٹیلی کام کمپنیاں بھی اسی نوعیت کے اضافے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :پلاسٹک کو قابلِ استعمال ایندھن میں تبدیل کرنے والی مشین تیار

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی مارکیٹ کی بڑی موبائل کمپنیوں کی جانب سے ٹیرف میں تبدیلی کے بعد دیگر آپریٹرز نے بھی اسی طرز پر اپنے پیکجز اور قیمتوں میں ردوبدل کیا۔

2016 میں موبی لنک اور وارد کے انضمام کے بعد جاز کے قیام کے وقت بھی موبائل پیکجز اور ٹیرف میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ اس وقت جاز نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور ٹیلی کام شعبے پر عائد ٹیکسز کے باعث ٹیرف میں ردوبدل ناگزیر تھا۔

یہ بھی پڑھیں :ایبٹ آباد کے نوجوان کا منفرد تصور، کی بورڈ سے چلنے والی گاڑی تیار کر لی

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پی ٹی ایم ایل کے ڈائریکٹر کارپوریٹ کمیونیکیشنز سعد وڑائچ نے کہا کہ کمپنی کی اولین ترجیح صارفین کو بلا تعطل اور معیاری سروس فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق مستقبل کے کمرشل اور برانڈ سے متعلق منصوبوں پر کام جاری ہے، جن سے مناسب وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد پی ٹی ایم ایل اور ٹیلی نارپاکستان کا انضمام باضابطہ طور پر مکمل ہو چکا ہے۔ انضمام کے بعد ٹیلینور پاکستان ایک الگ قانونی ادارے کی حیثیت ختم ہو گئی ہے، جبکہ اس کے تمام اثاثے، واجبات، حقوق اور ذمہ داریاں پی ٹی ایم ایل کو منتقل کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :چین کا انوکھا روف ٹاپ رین سسٹم، گنجان شہروں کو ٹھنڈا رکھنے کا سستا طریقہ وائرل

تاہم میڈیا ذرائع کے مطابق ابھی تک موبائل ٹیرف میں اضافے کے لیے نہ تو کوئی باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی ہے اور نہ ہی پی ٹی اے نے اس حوالے سے کوئی منظوری دی ہے۔ البتہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران مشترکہ کمپنی ٹیرف میں اضافے کی درخواست دائر کر سکتی ہے۔

editor

Related Articles