امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں اور امریکا دونوں ممالک کے درمیان موجود مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے اور اختلافی معاملات کے حل کے لیے تکنیکی سطح پر بات چیت کا عمل جاری ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ چند روز کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے گزشتہ دو روز کے دوران ایران پر حملے کیے گئےجس کے بعد خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔
دوسری جانب ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں مزید اضافہ ہوا۔
اس سے قبل ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو کے سربراہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایرانیوں کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہتے اور ایران کے ساتھ جنگ بندی بھی ختم ہو چکی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انہیں استعمال کرتاجبکہ وہ ایران کے ساتھ مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔
اس تمام صورتحال کے باوجود امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تکنیکی سطح پر مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور امریکا مسائل کے سفارتی حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔