حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کافی عرصے بعد سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی، حکومتی وزراء نے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کے خط کے جواب پر مشاورت کی۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں رانا ثناء اللہ، طارق فضل چوہدری اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن چیمبر میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھا تھا وزیراعظم اس خط کا جواب دے رہے ہیں اور اسی معاملے پر مشاورت کے لیے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی گئی۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن کے خط کا جواب دیں گے۔ ان کے مطابق پیر کی ملاقات سے معاملہ آگے بڑھے گا۔