پاکستانی طلبہ کے لیے ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ گوگل نے اہل طلبہ کے لیے ایک سال کی مفت سبسکرپشن کی سہولت متعارف کرادی ہے، جس کے ذریعے وہ جیمنائی کی اضافی سہولیات اور دیگراے آئی ٹولز سے بغیر ماہانہ فیس فائدہ اٹھا سکیں گے۔
پاکستان بھی گوگل کی اس اسٹوڈنٹ آفر میں شامل ممالک میں شامل ہے۔ تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے طلبہ کو پہلے اپنا طالبعلم ہونے کا ثبوت فراہم کرکے اہلیت کی تصدیق کرانا ہوگی۔
طلبہ کو کیا سہولیات ملیں گی؟
گوگل کی اس آفر کے تحت طلبہ کوجیمنائی میں زیادہ استعمال کی حد سمیت مختلف اے آئی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ طلبہ کو جی میل ،گوگل ڈرائیو، اور گوگل فوٹوزکے لیے 400 جی بی کلاؤڈ اسٹوریج بھی فراہم کیا جائے گا، جبکہ گوگل اےآئی پلس میں شامل دیگراے آئی فیچرز بھی استعمال کیے جاسکیں گے۔
یہ ٹولز طلبہ کو ریسرچ، اسائنمنٹس، اسٹڈی میٹریل اور دیگر تعلیمی کاموں میں بھی مدد فراہم کرسکتے ہیں۔ گوگل کے مطابق اس کے اے آئی ٹولز طویل دستاویزات کے ساتھ کام کرنے اور مطالعے میں معاونت کے لیے بھی مختلف سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
پاکستانی طلبہ مفت سبسکرپشن کیسے حاصل کریں؟
طلبہ گوگل کی اسٹوڈنٹ آفر کے صفحے پر جاکر اس سہولت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے بعد انہیں دی گئی ہدایات کے مطابق اپنے طالبعلم ہونے کی تصدیق کرنا ہوگی۔
گوگل اہلیت ثابت کرنے کے لیے تعلیمی ادارے سے متعلق دستاویزات بھی طلب کرسکتا ہے۔ طلبہ کو اپنی درست تعلیمی معلومات فراہم کرنا ہوں گی اور مطلوبہ دستاویز مقررہ فارمیٹ میں جمع کرانا ہوگی۔ پاکستانی طلبہ کے لیے یہ آفر خاص طور پر مفید ثابت ہوسکتی ہے، کیونکہ مفت اے آئی ٹولز اور اضافی کلاؤڈ اسٹوریج انہیں تعلیم اور ریسرچ کے کام میں سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔