پاکستان کی معروف ٹریول ویلاگر اور کوہ پیما اسماء مشتاق 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران جاں بحق ہوگئیں۔
اسماء مشتاق کا شمار پاکستان میں کوہ پیمائی اور ایڈونچر ٹریول سے وابستہ نمایاں ناموں میں ہوتا تھا۔ وہ پہاڑوں، مہم جوئی اور قدرتی مناظر سے اپنی گہری وابستگی کے باعث کوہ پیمائی کی کمیونٹی میں خاص پہچان رکھتی تھیں۔
ذرائع کے مطابق اسماء مشتاق نے حال ہی میں اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ اسپانٹک چوٹی کامیابی سے سر کی تھی۔ چوٹی پر پہنچنے کے وقت ان کی طبیعت بہتر بتائی گئی، تاہم واپسی کے دوران انہیں بلند مقام کی بیماری کا سامنا کرنا پڑا۔
گائیڈ کی جانب سے انہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم ان کی حالت سنبھل نہ سکی اور وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ متعلقہ ادارے قراقرم کالنگ ٹریکس کے مطابق اسماء مشتاق کی میت کو بحفاظت نیچے منتقل کرنے کے لیے حکام سے رابطہ کیا جارہا ہے اور ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں۔
اسماء مشتاق کے اچانک انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین، کوہ پیمائی سے وابستہ افراد اور ان کے مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اسماء مشتاق کی پیدائش 7 فروری 1992 کو ہوئی تھی۔ پہاڑوں سے ان کی محبت اور مہم جوئی کا شوق انہیں پاکستان کی ٹریول اور کوہ پیمائی کی دنیا میں ایک منفرد شناخت دے چکا تھا۔