فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی حرا قیصر نے پاکستان آئیڈل کے دوسرے سیزن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان آئیڈل سیزن 2 کا فائنل اتوار کو ہوا، جس میں حرا قیصر نے اپنی شاندار پرفارمنس سے کامیابی حاصل کی۔ متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نے پورے مقابلے کے دوران اپنی آواز اور پرفارمنس سے ججز اور شائقین کی توجہ حاصل کی۔ کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حرا قیصر نے کہا کہ وہ اب اپنے خواب پورے کرنے کے لیے آگے بڑھیں گی۔ ان کے مطابق یہ کامیابی والدین اور اہلخانہ کی دعاؤں اور حمایت کا نتیجہ ہے۔
حرا قیصر نے بتایا کہ ان کے پورے سفر میں والدہ، بہنوں اور شوہر نے بھرپور ساتھ دیا۔ ان کے بھائی کو ابتدا میں اس مقابلے میں حصہ لینے پر کچھ تحفظات تھے، تاہم بعد میں انہوں نے بھی حرا کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ یہ مقابلہ ضرور جیتیں گی۔ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ موسیقی سے متعلق ان کی زیادہ تر تربیت اور شوق کے پیچھے ان کے والد قیصر علی کا کردار ہے، جو تقریباً 8 سال قبل انتقال کر گئے تھے۔
حرا قیصر نے بتایا کہ انہوں نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی، جس کے بعد 2013 میں ان کی شادی ہوگئی۔ پاکستان آئیڈل سیزن 2 جیتنے پر حرا قیصر کو 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ انعامی رقم کے استعمال کے حوالے سے حرا قیصر نے بتایا کہ انہوں نے مقابلے کے پہلے ہی دن فیصلہ کرلیا تھا کہ اگر وہ کامیاب ہوئیں تو انعامی رقم سے اپنے بچوں کے لیے گھر بنائیں گی۔
حرا قیصر کی کامیابی کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے، جہاں صارفین انہیں پاکستان آئیڈل کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دے رہے ہیں۔