لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر اجتماعات اور محافل کے دوران صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
لیسکو کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ہونے والے اجتماعات اور محافل کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس مقصد کے لیے کمپنی کے تمام سرکلز، ڈویژنز اور سب ڈویژنز میں متعلقہ عملے کی خصوصی ڈیوٹیاں مقرر کردی گئی ہیں۔
لیسکو انتظامیہ نے افسران اور فیلڈ اسٹاف کو بجلی کی فراہمی کے نظام کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ خرابی یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی کے لیے عملہ الرٹ رہے گا۔
حکام کے مطابق خصوصی ڈیوٹیوں کا مقصد میلادالنبی ﷺ کے اجتماعات اور محافل کے دوران بجلی کی فراہمی میں کسی بھی غیر ضروری تعطل سے بچنا اور پیدا ہونے والی خرابی کو کم سے کم وقت میں دور کرنا ہے ، متعلقہ افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں بجلی کے نظام کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو بہتر بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں اور فیلڈ اسٹاف کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک رکھا جائے گا۔