ایران امریکا کشیدگی ، پاکستان امن مذاکرات کی بحالی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا ، ترجمان دفتر خارجہ

ایران امریکا کشیدگی ، پاکستان امن مذاکرات کی بحالی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا ، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور امن مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 24 اگست کو ایران کا دورہ کیا ، جس میں ایرانی قیادت سے کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ، سید عاصم منیر کا دورہ ایران امریکا کے درمیان تناو میں کمی لانے کیلئے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ  اس سے قبل وزیر خارجہ نے 14 اگست کو تہران کا دورہ کیا، جہاں ہونے والی بات چیت میں خطے میں کشیدگی میں کمی، فوجی تعطل ختم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کا حل تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ علاقائی امن و استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔

علاقائی صورتحال پرنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے رابطے 

طاہر اندرابی نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے خطے میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل رابطے بھی برقرار رکھے ہیں ، ٓ ان رابطوں میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال اور اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

 نائب وزیراعظم نے ترک وزیر خارجہ سے 17، 19 اور 25 اگست کو 3 مرتبہ ٹیلی فونک گفتگو کی ، بات چیت میں خطے کی صورتحال اور امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید کی الوداعی ملاقات

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ موجودہ علاقائی چیلنجز کا پائیدار حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

پاک ایران تجارت جاری

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کے باوجود پاکستان ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھے گا اور اسے مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے،  پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے دائرہ کار سے باہر عائد یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کی ہے۔

 ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں اقتصادی معاملات سمیت دیگر امور بھی حل ہوں گے۔

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے بیان پر ردعمل

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی جانب سے کرانہ ہلز پر حملے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کے اسٹریٹجک اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور پاکستان اپنے اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ اور سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی حکام کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ اسٹائل بیانات کی کوئی اہمیت نہیں ،  انہوں نے سوال اٹھایا کہ 16 سے 18 ماہ بعد اس طرح کے بیانات دینے کی کیا وجہ ہے۔

آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان میں ہوگا

طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان نے ایس سی او میں ایک سال کیلئے چیئرمین شپ سنبھالی ہے، پاکستان 2027میں ایس سی او کی میزبانی کرے گا، وزیراعظم بشکیک میں ایس سی او کانفرنس میں شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایس سی او کانفرنس کے موقع پر دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی کرغزستان کی قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

افغانستان  کےساتھ ریاستی سطح پر بات چیت کیلئے تیار ہیں 

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ ریاستی سطح پر بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے افغان عبوری حکومت کو ٹھوس ثبوت فراہم کرنا ہوں گے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ بات چیت کا راستہ بند نہیں کرنا چاہتا، تاہم دہشتگردی کے مسئلے پر محض دعوے کافی نہیں، افغان حکام کو عملی اقدامات اور ان کے ٹھوس شواہد پیش کرنا ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے آبادکاری غیر قانونی اور بے بنیاد ہے۔

editor

Related Articles