صفائی نہیں، خطرہ ! پکانے سے پہلے مرغی کا گوشت دھونا کتنا خطرناک؟ وجہ جان کر حیران رہ جائیں گے

صفائی نہیں، خطرہ ! پکانے سے پہلے مرغی کا گوشت دھونا کتنا خطرناک؟ وجہ جان کر حیران رہ جائیں گے

نل کھولیے، چکن ہاتھ میں لیجیے اور اچھی طرح دھو ڈالیے ، نسل در نسل ہمارے گھروں میں یہی طریقہ چلا آ رہا ہے، اور ہم سب یہی سمجھتے ہیں کہ گوشت جتنا دھویا جائے گا اتنا صاف ہو گا مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بظاہر بے ضرر عادت دراصل صفائی کے بجائے گندگی پھیلا رہی ہے۔

چکن دھونے سے جراثیم ختم نہیں ہوتے، بلکہ پانی کے چھینٹوں کے ساتھ پورے کچن میں بکھر جاتے ہیں۔

نل کے نیچے آخر ہوتا کیا ہے؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر الوک چوپڑا نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو کچا چکن دھونے سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے،  ان کے مطابق کچے چکن میں سالمونیلا اور کیمپائلوبیکٹر جیسے خطرناک بیکٹیریا پائے جاتے ہیں اور جب بہتے پانی کے نیچے چکن دھویا جاتا ہے تو قطرے گوشت کی سطح سے ٹکرا کر انتہائی باریک ذرات کی صورت میں ہوا میں بکھر جاتے ہیں ،  یہ آلودہ قطرے سنک، کاؤنٹر، برتنوں اور قریب رکھے تازہ پھلوں یا سلاد تک پہنچ سکتے ہیں۔

مسئلہ یہ ہے کہ یہ جراثیم آنکھ سے نظر نہیں آتے اور اس لیے آپ کو پتا ہی نہیں چلتا کہ کچن کی کون سی سطح آلودہ ہو چکی ہے، اور اگر یہی جراثیم کھانے کے ساتھ جسم میں چلے جائیں تو فوڈ پوائزننگ ہو سکتی ہے۔

پانی، سرکہ اور لیموں بھی بے اثر

طبی ماہرین کے مطابق پانی، سرکہ یا لیموں کا رس جراثیم کو ختم نہیں کر سکتے۔ چکن کو محفوظ بنانے کا واحد طریقہ اسے مناسب درجہ حرارت پر اچھی طرح پکانا ہے ،  اندرونی درجہ حرارت کم از کم 165 ڈگری فارن ہائیٹ، یعنی تقریباً 74 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنا چاہیے، جو تمام نقصان دہ بیکٹیریا کو مار دیتا ہے ، صرف باہر سے سفید یا بھورا ہو جانا اس بات کی ضمانت نہیں کہ گوشت اندر سے بھی پک گیا ہے، خاص طور پر موٹے ٹکڑوں میں۔

کچن کو جراثیم سے کیسے بچائیں؟

چکن کو پیکٹ سے نکال کر بغیر دھوئے براہِ راست پکانے کی تیاری کریں  اگر گوشت بہت گیلا ہو تو صاف کاغذ سے ہلکے ہاتھ سے خشک کریں اور استعمال شدہ کاغذ فوراً کوڑے میں پھینک دیں ، کچے چکن کو چھونے کے بعد ہاتھ کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن اور پانی سے دھوئیں ، جس  کٹنگ بورڈ، چھری، پلیٹ یا کاؤنٹر پر کچا چکن رکھا گیا ہو، اسے اچھی طرح صاف کریں ، کچے گوشت کے لیے الگ کٹنگ بورڈ رکھیں اور اسے سلاد، پھل یا ان غذاؤں کے لیے استعمال نہ کریں جو بعد میں پکائی نہیں جاتیں۔

علامات پر نظر رکھیں

آلودہ کھانا کھانے کی صورت میں بعض افراد کو پیٹ درد، متلی، قے، دست اور بخار ہو سکتا ہے۔ علامات کی شدت جراثیم کی قسم اور متاثرہ شخص کی صحت کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔

ایک چھوٹی سی احتیاط، یعنی چکن نہ دھونا، پورے کچن کو جراثیم کے پھیلاؤ سے بچانے میں مدد دے سکتی ہے،  اگلی بار نل کھولنے سے پہلے ایک لمحہ سوچ لیں۔

editor

Related Articles