جنگل سے گزرتی یہ سڑک اندھیرا ہوتے ہی خوف کی علامت بن جاتی ہے ، آسیب اور بھوتوں کا وجود ہے یا نہیں، اس پر بحث برسوں سے جاری ہے اور ہر شخص کی اپنی رائے ہے لیکن اگر بھوتوں کو مان بھی لیا جائے تو سوال یہ ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کون سی ہے؟
جرمنی کی رینٹل کار کمپنی سکسٹ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق اس سوال کا جواب امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے ویسٹ ملفورڈ میں واقع کلنٹن روڈ ہے ، یہ سڑک مسلسل تیسرے سال اس فہرست میں پہلے نمبر پر آئی ہے، اگر اسے اعزاز کہا جا سکے۔
دس میل کا خوفناک حصہ
رپورٹ کے مطابق کلنٹن روڈ کا وہ دس میل لمبا حصہ، جو گھنے جنگل سے جڑا ہوا ہے، رات ہوتے ہی نہایت ڈراؤنا محسوس ہونے لگتا ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹس میں بھی اسے ملک کی چند انتہائی آسیب زدہ سڑکوں میں شمار کیا گیا ہے۔
اس سڑک سے جڑی پراسرار کہانیاں کوئی نئی بات نہیں ، مقامی روایات کے مطابق یہ قصے ایک صدی سے زیادہ عرصے سے سنائے جا رہے ہیں، کچھ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے وہاں عجیب و غریب روشنیاں دیکھی ہیں جو اچانک غائب ہو جاتی ہیں۔
فہرست کیسے بنی؟
سکسٹ کے ماہرین نے اس درجہ بندی کے لیے گوگل اور ٹک ٹاک پر سرچ ٹرینڈز کا ڈیٹا کھنگالا پھر ان نتائج کا موازنہ 2023 سے 2025 کے دوران شائع ہونے والی آسیب زدہ سڑکوں کی مختلف فہرستوں سے کیا گیا، جس کے بعد کلنٹن روڈ سرفہرست قرار پائی۔