ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یا بائیکاٹ، حتمی فیصلہ آج متوقع

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یا بائیکاٹ، حتمی فیصلہ آج متوقع

پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ آج ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں ورلڈ کپ کی موجودہ صورتحال، آئی سی سی کے فیصلے اور پاکستان کے ممکنہ لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ملاقات میں وزارتِ بین الصوبائی رابطہ، وزارتِ خارجہ اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام کی آراء کو بھی مدنظر رکھا جائے گا، جبکہ خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور کرکٹ کے سفارتی پہلوؤں پر بھی غور متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی تھا اور پاکستان نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں کامیابی صرف اور صرف ٹیم ورک اور یکجہتی سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں ہوتی اور پی سی بی حکومتِ پاکستان کے فیصلے پر من و عن عمل کرے گا۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ غیر یقینی صورتحال کے باوجود اپنی فٹنس اور تیاریوں پر مکمل توجہ مرکوز رکھیں۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں شدید ردِعمل سامنے آیا اور کئی بورڈز نے اس فیصلے کو متنازع قرار دیا۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی سنجیدہ ہو تو حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے، جبکہ ایونٹ میں پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے ہیں۔ اگر پاکستان نے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کے اثرات نہ صرف قومی ٹیم بلکہ عالمی کرکٹ اور آئی سی سی کے نظم و نسق پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس پر پوری دنیا کی نظریں آج ہونے والے فیصلے پر جمی ہوئی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *