نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (سرٹ) نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز سنگین سیکیورٹی خطرات کا شکار ہیں۔
سرٹ کے مطابق ان فونز میں ایسی خطرناک خامیاں موجود ہیں جو ہیکرز کے لیے آسان ہدف بن سکتی ہیں اور صارفین کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
سرٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ خامیاں زیرو ڈے وُلنیریبلٹیز کہلاتی ہیں، جن کا مطلب یہ ہے کہ ان کا علم سافٹ ویئر بنانے والوں کو بروقت نہیں ہو پاتا، جبکہ ہیکرز پہلے ہی ان کا فائدہ اٹھانا شروع کر دیتے ہیں، یہ خامیاں حقیقی سائبر حملوں میں استعمال ہو رہی ہیں، جس سے خطرے کی سنگینی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان سیکیورٹی خامیوں کے ذریعے ہیکرز صارفین کے ذاتی اور حساس ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کر سکتے ہیں ، اس کے علاوہ فون ہائی جیک ہونے، سسٹم کریش ہونے اور مختلف ڈیجیٹل خدمات میں خلل جیسے سنگین مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں، بعض صورتوں میں صارف کو یہ علم بھی نہیں ہو پاتا کہ اس کا موبائل فون سائبر حملے کا شکار ہو چکا ہے۔
سرٹ نے اس صورتحال کو صارفین کے لیے نہایت تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اینڈرائیڈ فونز میں موجود یہ خامیاں نہ صرف انفرادی صارفین بلکہ اداروں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں، کیونکہ حساس معلومات کے افشا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا کہنا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر صارفین کو حفاظتی اقدامات پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔