پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے طلبہ و طالبات کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ، صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں سپورٹس ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی، جس میں تمام چیئرمین تعلیمی بورڈز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کے تمام سکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا سپورٹس ایونٹس منعقد کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزیر تعلیم کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے تمام 35 ہزار سکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، جبکہ اب تک 450 سکولوں میں کھیلوں کا سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔

میگا سپورٹس ایونٹس

وزیر تعلیم پنجاب کے مطابق  اکتوبر سے پبلک سکولوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر منعقد ہوں گے، جبکہ دسمبر میں فائنل ایونٹ ہوگا جس کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب کے امتحانی نظام میں بڑی تبدیلی،آئندہ سال پرچے کیسے چیک ہوں گے؟ وزیر تعلیم نے طریقہ بتادیا

 طلبہ کے لیے لاکھوں روپے کے انعامات

رانا سکندر حیات نے کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے انعامی رقم بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے رقم 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے مقرر کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ کہ ہر کیٹیگری کے طلبہ کے لیے الگ الگ انعامی رقم مختص کی جائے جبکہ کھیلوں میں حصہ لینے والے طلبہ اور طالبات کے لیے بھی الگ انعامات رکھے جائیں۔

گراس روٹ لیول سے کھیلوں کا ٹیلنٹ سامنے لانے کا عزم

انہوں نے کہا کہ حکومت گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھائے گی، جو طلبہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے ساتھ مکمل سپورٹ بھی دی جائے گی۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ ماضی میں سکول کھیلوں کی نرسریاں ہوا کرتے تھے اور انہی اداروں نے ملک کو بہترین کھلاڑی فراہم کیے، کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی بھی بڑھے گی۔

یہ بھی پڑھیں :والدین اور طلبہ کیلئے خوشخبری ، وزیرتعلیم پنجاب کا سکولز سے متعلق بڑا اعلان

وزیر تعلیم نے سپورٹس کٹس کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد تعلیمی بورڈز کا مینڈیٹ ہے، اسے ہر صورت جاری رکھا جائے، آئندہ سال کھیلوں کی بحالی کے مشن میں نجی سکولوں کو بھی برابر شامل کیا جائے، کھیلوں کی طرح سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیاں بھی جلد بحال کی جائیں گی ۔

کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے لیے تین سالہ پالیسی

رانا سکندر حیات نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آئندہ تین سال کی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی ۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبے میں 6 نئے سکول آف ایمیننس اور 2 دانش سکول شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا ۔

editor

Related Articles