حکومتِ پاکستان نے شہریوں کے لیے ایک نیا اور جدید پاکستانی پاسپورٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو نہ صرف ظاہری طور پر زیادہ دلکش ہوگا بلکہ اس میں جدید ترین سیکورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
وزارتِ داخلہ اور محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق نئے پاسپورٹ میں متعدد اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ اس کی سیکورٹی اور شناختی تحفظ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
محکمہ پاسپورٹس کے اعلامیے کے مطابق نئے پاسپورٹ میں شہری کے والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی درج کیا جائے گا جو ایک نمایاں اور تاریخی پیش رفت ہے۔
مزید برآں ویزا صفحات پر پاکستان کے مختلف صوبوں کی تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثے کی جھلک دکھائی دے گی جس سے پاسپورٹ کو نہ صرف سیکیورٹی بلکہ خوبصورتی اور شناختی پہچان کے لحاظ سے بھی منفرد بنایا گیا ہے۔
فیس کے موجودہ ڈھانچے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی 36 صفحات والے 5 سالہ عام پاسپورٹ کی فیس 4,500 روپے اور 10 سالہ پاسپورٹ کی فیس 6,700 روپے ہے۔
اسی طرح ارجنٹ پاسپورٹ کے لیے 5 سالہ فیس 7,500 روپے جبکہ 10 سالہ فیس 11,200 روپے مقرر ہے۔
نیا پاسپورٹ پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن میں تیار کیا جا رہا ہے جہاں اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے تاکہ اسے عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق، یہ اقدام پاکستان کے پاسپورٹ کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ معتبر، محفوظ اور قابلِ اعتماد دستاویز کے طور پر تسلیم کرانے میں مددگار ثابت ہوگا۔