علی ترین کا ملتان سلطانز سے علیحدگی کا اعلان

علی ترین کا ملتان سلطانز سے علیحدگی کا اعلان

ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے فرنچائز سے اپنی باضابطہ علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے جنوبی پنجاب، ٹیم اور مداحوں کے ساتھ اپنے گہرے تعلق کو خلوص سے بیان کیا۔

اپنے بیان میں علی ترین کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کا حصہ رہنا ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی نمائندگی اور شائقین کی محبت نے ہمیشہ انہیں غیر معمولی حوصلہ دیا،وہی ورثہ جس پر ان کے مرحوم چچا عالمگیر ترین بھی بے حد فخر محسوس کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان شاہینز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیت لیا

انہوں نے بتایا کہ ہر سیزن کھلاڑیوں اور اسٹاف کو اس خطے کی نمائندگی کی اہمیت سے آگاہ کرنا ان کی ترجیح رہی۔ ان کے مطابق، جنوبی پنجاب ایک ایسا خطہ ہے جہاں لوگ محنت، جدوجہد اور حقوق کے لیے کھڑے ہونے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’فینز شکست کو معاف کر دیتے ہیں، لیکن ہار مان لینے کو نہیں۔‘‘

علی ترین نے اعتراف کیا کہ مالی خسارے کے باوجود انہوں نے کبھی ٹیم چھوڑنے کا ارادہ نہیں کیا، کیونکہ ان کے نزدیک ملتان سلطانز محض ایک کاروبار نہیں تھا بلکہ ایک جذبہ، ایک وابستگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کو بہتر بنانے کے لیے اپنی حد سے بڑھ کر کوشش کرتے رہے۔

اپنے اصولی مؤقف کا ذکر کرتے ہوئے علی ترین نے واضح کیا کہ وہ کبھی محتاط یا مصلحت پسند رویہ اختیار نہیں کرسکے۔انہوں نے کہا کہ ’’اگر رہنے کے لیے اصولوں سے سمجھوتہ کرنا پڑے تو فیصلہ صاف ہے،میں کھڑے ہو کر ٹیم کھو دینا پسند کروں گا بجائے گھٹنے ٹیک کر اسے چلانے کے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان شاہینز کی ناقابلِ شکست کارکردگی، ٹائٹل کی جیت، صدر، وزیراعظم سمیت قومی اسٹارکرکٹرز نے تعریفوں کے پل باندھ دیے

آخر میں انہوں نے شائقینِ کرکٹ سے اپیل کی کہ ملتان سلطانز ہر دور میں اپنے مالک سے بڑھ کر ایک ٹیم رہی ہے، لہٰذا نیا مالک جسے بھی ذمہ داری ملے، اسے اسی جذبے اور مستقل مزاجی سے سپورٹ کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ خود بھی ایک عام مداح کی طرح اسٹیڈیم میں موجود ہوکر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔

Related Articles